بھٹکل(فکروخبرنیوز) بھٹکل کے معروف سینئر صحافی اور آن لائن نیوز پورٹل "ساحل آن لائن” کے منیجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں کرناٹک راجیو تسوا ایوارڈ 2025 سے سرفراز کیا گیا ہے۔ یہ تقریب آج تعلقہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں تعلقہ انتظامیہ نے راجیو تسوا تقاریب کے دوران انہیں اس اعزاز سے نوازا۔
عنایت اللہ گوائی کئی دہائیوں سے صحافتی میدان میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے اپنی محنت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اس موقع پر بھٹکل صحافی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر رگھوویندرا ہبّار اوردیگر اراکین نے عنایت اللہ گوائی کو مبارکباد پیش کی، جبکہ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ایم۔ آر۔ مانوی نے بھی اس کامیابی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سماجی تنظیموں، ادبی حلقوں اور عوامی نمائندوں نے بھی اس اعزاز پر عنایت اللہ گوائی کے لیے اپنی خوشی اور تحسین کا اظہار کیا۔
ساحل آن لائن کی ادارتی ٹیم نے اپنے ایڈیٹر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز عنایت اللہ گوائی کے لیے بلکہ بھٹکل کی صحافتی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔
واضح رہے کہ کرناٹک راجیو تسوا ایوارڈ ریاست کا ایک باوقار شہری اعزاز ہے، جو ہر سال یکم نومبر کو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔