بھٹکل میں سائبر کرائم و منشیات کے خلاف بیداری مہم

بھٹکل(فکروخبرنیوز) نوجوانوں کو منشیات اور سائبر جرائم کے بڑھتے خطرات سے محفوظ رکھنے اور ان میں بیداری کرنے کے لیے انجمن کالج ہال میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں اُترکنڑا ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دپین ایم. این. نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی پانے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنی زندگی میں نظم و ضبط پیدا کرے اور غلط صحبت سے اپنے آپ کو محفوظ رکھے۔ ایس پی نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ زمانے میں آن لائن دھوکہ دہی کے نت نئے طریقے سامنے آرہے ہیں۔ فیک اکاؤنٹس، جعلی ایپس، آن لائن گیمز اور مشتبہ لنکس کے ذریعے لوگ دوسروں کو لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر نوجوان معمولی لاپروائی کے سبب مالی نقصان یا شہرت کے نقصان کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوشیاری ہی بہترین تحفظ ہے، اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دینی چاہیے۔

منشیات کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ شراب، سگریٹ اور گانجہ جیسے نشے بظاہر معمولی دکھائی دیتے ہیں، مگر یہی تباہی کی بنیاد بنتے ہیں۔ ان کے مطابق انسان جب زندگی سے مایوس ہوتا ہے تو نشہ اُس کی عادت بن جاتی ہے، اور یہ عادت بالآخر انسان کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔

اس موقع پر جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب قاضی مولانا انصار خطیب ندوی مدنی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلام نے ہر نشہ آور چیز کو حرام قرار دیا ہے کیونکہ یہ انسانی ذہن و جسم دونوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اردگرد ہونے والی برائیوں کے خلاف آواز اٹھائیں اور اصلاحِ معاشرہ کی کوشش کریں۔
مولانا نے کہا کہ اگر ہم خاموش رہے تو یہ آگ پورے سماج کو لپیٹ میں لے لے گی، اس لیے عملی اقدام ناگزیر ہے۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت کالج کے طالب علم عبدالرحمن نے حاصل کی۔ مجلسِ اصلاح و تنظیم، انجمنِ حامیِ مسلمین، اصلاحِ معاشرہ کمیٹی، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور بھٹکل ٹاؤن پولیس کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور سماجی شخصیات شریک رہیں۔
فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے نے حاضرین کا خیرمقدم کیا جبکہ تنظیم کے رکنِ عاملہ ایڈوکیٹ عمران لنکا نے ایس پی دپین کا تعارف پیش کیا۔

پروگرام کی صدارت انجمن کے نائب صدر محمد صادق پلّور نے کی، اور کالج کے پرنسپل یوسف کولا نے اظہارِ تشکر کے کلمات کہے۔
پروگرام کے آخر میں طلبہ نے مختلف سوالات کیے جن کے جوابات ایس پی دپین نے تفصیل سے دیے اور انہیں عملی مثالوں کے ذریعے سمجھایا کہ محتاط رہنے سے ہی خطرات سے بچا جا سکتا ہے۔