بھٹکل (فکروخبر نیوز) مسجدِ تقویٰ بھٹکل میں درسِ قرآنِ مجید کی تکمیل کی پُروقار نشست آج بعد نمازِ عشاء منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی، مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے سورۃ الناس کی تفسیر کے ساتھ درسِ قرآن کی تکمیل فرمائی اور حاضرین سے پُرمغز خطاب کیا۔
مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآنِ مجید سے گہرا تعلق قائم رکھنا ہر مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور یہ وہ حق ہے جس کے بارے میں روزِ قیامت سوال کیا جائے گا۔ انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلامِ پاک کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی ہے، اور اس کے بے شمار مظاہر ہم اپنی زندگی میں دیکھتے رہتے ہیں۔
مولانا نے حفظِ قرآن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج نابینا افراد بھی قرآن یاد کر رہے ہیں، اور کئی لوگ اشاروں کی زبان میں اس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ قرآن سے تعلق کسی جسمانی حد کا محتاج نہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بہت سے لوگ باوجود سہولتوں کے، اس میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں۔
مولانا ندوی نے درسِ قرآن میں باقاعدگی سے شرکت کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اگر روزانہ صرف دس منٹ قرآن کے لیے وقف کر دیے جائیں تو یہ معمول زندگی میں نمایاں تبدیلی لا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کلامِ الٰہی کے جو پیغام آپ کے کانوں سے گزریں گے، وہ یقیناً آپ کی زندگی میں فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسجدِ تقویٰ میں درسِ قرآن کا یہ سلسلہ تقریباً چار سال قبل شروع ہوا تھا، جس میں مولانا محمد ارشاد نائطے ندوی امام کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ درسِ قرآن کی تکمیل پر مصلیانِ مسجد نے مولانا کی خدمت میں مبارکباد پیش کی اور اس بابرکت عمل پر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔